Top Ad

Header Ad

نوکری کیلئے انٹرویو کی تیاری کیسے کی جائے

 

How to Prepare a Job Interview

نوکری کیلئے انٹرویو کی تیاری کیسے کی جائے

آپ نے اپنی تعلیم ، تربیت یا کورس مکمل کر لیا ہے اور اب نوکری کی تلاش میں ہیں۔ آپ کو نوکری کے انٹرویو کے لیے کال یا ای میل وصول ہوئی ہے اور آپ کو اس بارے میں معلومات چاہیں کہ نوکری کیلئے انٹرویو کی تیاری کیسے کی جائے اور کن چیزوں کا دھیان رکھا جائے تاکہ بعد میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

میں آپ سے متحدہ عرب امارات میں کام کرنے کے اپنے 15 سال کے تجربے کو شیئر کر رہا ہوں ، میں نے متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں کئی انٹرویوز دیئے ہیں اور اپنے کیریئر کے دوران کئی انٹرویوز کا اہتمام بھی کیا ہے۔

 1- ملازمت کے جس اشتہار پر آپ نے درخواست دی تھی اس کا ریکارڈ بنائیں۔

نوکری کے اشتہار کا ریکارڈ بنانا ضروری ہے جس میں آپ کمپنی کا نام، پوزیشن جس کے لئے آپ نے اپلائی کیا ہے، اشتہار پوسٹنگ کی تاریخ اور درخواست دینے کی تاریخ وغیرہ۔ کیونکہ جب آپ کو انٹرویو کے لیے کال آتی ہے تو یہ ریکارڈ آپ کو یہ سمجھنے میں مدد دے گا کہ نوکری دینے والا کیا تلاش کر رہا ہے۔ مثلاً میں نے ایک نوکری کے لیے درخواست دی اور درخواست دینے کے 3 ماہ بعد مجھے انٹرویو کے لیے کال موصول ہوئی۔

اس وقت مجھے نوکری کے اشتہار کی ضرورت محسوس ہوئی کیونکہ میں اس کے مطابق انٹرویو کی تیاری کرنا چاہتا تھا۔

اب یہ اشتہار ڈھونڈنے میں مجھے کچھ وقت لگ گیا۔

اس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ آیندہ میں ہر اس اشتہار کا ریکارڈ بناؤں گا جس پر میں نے نوکری کے لئے درخواست دی ہوگی تاکہ آئندہ میں اس کو آسانی سے تلاش کر سکوں۔

جب میں نے اشتہار دیکھا تو مجھے معلوم ہوا کہ کمپنی کسی ایسے شخص کے تلاش میں تھی جسے "ACONEX" پر کام کرنے کا اچھا تجربہ ہو۔ "ACONEX" ڈاکومنٹس کو آن لائن مینیج کرنے کا ایک سافٹ ویئر ہے۔

 اگرچہ، مجھے اس کا تجربہ تھا لیکن میں نے اس کی کچھ اضافی معلومات آن لائن اور اپنے کچھ دوستوں سے بھی لیں۔

 2 - نوکری دینے والے کی ضرورت کے بارے میں جانیں۔

نوکری کے اشتہار کے بارے میں آپ کی ابتدائی تحقیق کے بعد، اگر اشتہار میں تجربہ اور تنخواہ کے بارے میں بتایا گیا ہے اور آپ اس سے متفق ہیں تو پھر آگے بڑھنا ٹھیک ہے۔

دوسری طرف، اگر تجربہ (کیریئر لیول مثلا ، ابتدائی، درمیانی یا سینئر) اور تنخواہ کی حد کا ذکر نہیں کیا گیا ہے تو انٹرویو کے لیے جانے سے پہلے (کال یا ای میل کے ذریعے) پوچھنا بہتر ہے۔

مثال کے طور پر ، ایک بار ایک مینیجر نے مجھ سے پوچھا کہ اسے مساندہ سے منظور شدہ کوالٹی انجینئر کی ضرورت ہے اور اگر میں کسی کو جانتا ہوں تو اس کو بتاؤں۔ میں نے اپنے جاننے والے ایک انجینیئر سے رابطہ کیا اس نے مجھے اپنے تجربے اور اپنی تنخواہ کی ڈیمانڈ کے بارے میں بتایا اور پوچھا کہ اگر مینیجر راضی ہو تو وہ انٹرویو کے لیے آسکتا ہے ورنہ اپنا اور مینیجر کا وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں۔ لہذا بہتر ہے کہ انٹرویو میں جانے سے پہلے آپ ان معاملات پر بات کر لیں کیوں کہ اگر آپ انٹرویو کے لیے کسی دوسرے شہر جا رہے ہیں تو اس میں آنے جانے کے وقت کے علاوہ پیسہ بھی شامل ہوتا ہے۔

3 - کمپنی اور اس کی تاریخ کے بارے میں تلاش کریں۔

کمپنی کے بارے میں جاننا ضروری ہے۔ سب سے پہلے آپ کمپنی کی ویب سائٹ سے اس کے متعلق معلومات اکٹھی کر سکتے ہیں۔ آپ دوسرے ذرائع بھی استعمال کرسکتے ہیں مثلا اگر آپ کا کوئی جاننے والا وہاں پر کام کر رہا ہے یا آپ ان کے لنکڈان پروفائل کو دیکھ سکتے ہیں یا آپ ان کے سوشل میڈیا پر جاکر اپنی مطلوبہ معلومات کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ کمپنی کی ساکھ ، پراجیکٹس ، مالی حیثیت (وہ تنخواہ وغیرہ کیسے ادا کر رہے ہیں) ، کام کا ماحول ، اگر وہ رہائش کی پیشکش کر رہے ہیں تو اس کی قسم کیا ہے ، ان کے ٹرانسپورٹیشن سسٹم کے بارے میں جانیں۔

4 - سفری انتظامات۔

انٹرویو کی تاریخ ، وقت اور جگہ کے بارے میں واضح رہیں۔ ٹرانسپورٹ کے بارے میں معلومات اکٹھا کریں چاہے آپ براہ راست ٹیکسی لے رہے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ (بس ، میٹرو) استعمال کر رہے ہیں اگر ہاں تو پھر روٹ نمبر ، بس یا ٹرین نمبر ، ٹائمنگ ، قریبی اسٹیشن ، بہت سے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم اپنے نیٹ ورک پر ایک مخصوص کارڈ کو استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں (جیسے دبئی میٹرو) اور ہوسکتا ہے کہ ایک شہر سے دوسرے شہر میں آپ کو علیحدہ کارڈ استعمال کرنا پڑے ۔  اپنے فون میں انٹرویو کے مقام کو محفوظ کریں اور احتیاط کے طور پر آپ لوکیشن کا ایک پرنٹ نکال لیں ہو سکتا ہے کسی وجہ سے آپ انٹرنیٹ استعمال کرنے کے قابل نہ ہوں تو ایسی صورت میں کسی بھی مشکل سے بچ سکیں۔ جانے سے پہلے اپنے موبائل کو اچھی طرح چارج کریں اور اگر ممکن ہو تو پاور بینک لیں (یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کو کتنی دور جانا ہے)۔ بہتر ہے کہ سفر اور انٹرویو کے دوران آپ کو درکار اشیاء کی چیک لسٹ بنائیں اور جانے سے پہلے ہر چیز کو اچھی طرح ترتیب دیں۔ کیونکہ جب ہم جلدی میں ہوتے ہیں تو ہم بہت ساری اہم چیزیں بھی بھول جاتے ہیں اس بات کا امکان موجود ہے کہ آپ انٹرویو میں بیٹھے ہوں اور آپ کو پتہ چلے کہ آپ کو کچھ نشان لگانے یا لکھنے کے لئے آپ کے پاس پین نہیں ہے۔

5 - دستاویزات۔

آپ کے پاس اپنے سی وی/ ریزیومے(CV / Resume) ، سرٹیفکیٹس (Certificates) اور دیگر معاون دستاویزات جو آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے لئے مددگار ہونگی ان کی کم از کم تین کاپیاں موجود ہونی چاہئیں۔ کچھ انٹرویو لینے والے آپ کو اپنے کام کے نمونے لانے کے لئے بولیں گے۔ ضرورت کے مطابق یہ پرنٹ شدہ کاپی یا سافٹ کاپی ہوسکتی ہے۔ مثال کے طور پر ، ایک بار مجھ سے کہا گیا کہ میں اپنے کام کے دوران تخلیق کردہ کچھ ایکسل شیٹس(Excel Sheets)  لاؤں اور انٹرویو کے دوران مجھے ایکسل شیٹ میں فارمولے کیسے استعمال ہوتے ہیں یہ کر کے بھی دکھانا تھا۔ لہذا آپ اپنے کام کے بارے میں دیکھ لیں کہ ایسی کسی چیز کی ضرورت تو نہیں۔

6 -  اپنی سی وی(CV)  کا جائزہ لیں۔

اپنی سی وی کا بہت غور سے جائزہ لیں ، انٹرویو لینے والے سی وی سے سوالات پوچھتے ہیں اور اس کے مطابق آپ کو جواب دینا ہوگا اور جواب میں کوئی الجھن یا تاخیر آپ کے اعتماد کو تباہ کر سکتی ہے۔ آپ کے اداروں ، کمپنیوں ، کام کرنے کی جگہوں ، منصوبوں ، کنسلٹنٹس ، مین ٹھیکیداروں ، سال وغیرہ کے نام اہم ہیں۔

7 - لباس۔

میں ذاتی طور پر تجویز کروں گا کہ وہ لباس استعمال کریں جو آپ کو زیادہ آرام دہ اور پراعتماد بنائے (یقینا یہ رسمی ہوگا) لیکن کسی ایسی چیز کو استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں جس کے آپ عادی نہیں ہیں۔ اس سے نہ صرف آپ اچھا محسوس نہیں کریں گے  بلکہ یہ آپ کے اعتماد کے لئے بھی اچھا نہیں ہوگا، امید ہے کہ آپ میری بات سمجھ گئے ہوں گے۔

تیز پرفیوم ، باڈی سپرے یا کوئی اور تیز خوشبو استعمال نہ کریں ، ہوسکتا ہے کہ انٹرویو لینے والا کسی تیز خوشبو کو پسند نہ کرتا ہو اور اگر آپ نے استعمال کیا ہو تو اس سے اسے الجھن ہو سکتی ہے تو پھر اس بات کا امکان موجود ہے کہ وہ اپ سے جلدی جلدی انٹرویو کرے اور زیادہ چیزیں نہ پوچھے اس طرف بھی غور کریں۔

8 - انٹرویو کے لیے مشق کریں۔

آپ خود یا آپ کسی دوست کے ساتھ کچھ عام سوالات اور جوابات پر انٹرویو کی طرح مشق کریں۔ کچھ عام سوالات لکھیں اور اپنی طرف سے ممکنہ جوابات کے بارے میں سوچیں ، ذہن میں رکھیں کہ لکھنا ضروری ہے ۔ کیونکہ میرے ذاتی تجربے کے مطابق کسی بھی چیز کو یاد کرنے کے لیے لکھنا بہت اہم ہے میں نے جب بھی کسی چیز کو لکھا ہے تو مجھے اس کو یاد کرنے میں بہت آسانی ہوئی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ آپ نے یہ کہاوت سنی ہو کہ "مشق انسان کو کامل بناتی ہے"  لہذا ، اپنی زندگی کے اس اہم واقعہ کے لیے خود کو تیار کرنے کے لیے مشق کرتے رہیں۔

کچھ عام سوالات جیسے۔

*اپنے بارے میں بتائیں؟

*اپنی مہارت کے بارے میں بتائیں؟

*آپ نے اب تک کہاں کہاں کام کیے ہیں؟

*اپنی ملازمت کے بارے میں وضاحت کریں؟ (مثال کے طور پر ، ایل ڈی آر(LDR) کیا ہے ، ایل ای ڈی (LED) کیا ہے ، بی ایم ایس(BMS) کیا ہے ، ٹرانسسٹر(Transistor) کس کے لیے استعمال ہوتا ہے ، ڈبلیو آئی آر(WIR) اور ایم آئی آر(MIR) میں فرق) اپنی ملازمت سے متعلق شرائط اور اشیاء کے بارے میں سوچیں۔

*ہم اپ کو ملازمت پر کیوں رکھیں؟

*اس منصوبے میں آپ نے کیسے کردار ادا کیا ہے؟

*آپ کی متوقع تنخواہ کیا ہے؟

مندرجہ بالا مثالیں ہیں جن سے آپ کو ایک آئیڈیا دینا مقصود ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ آپ کی موجودہ ملازمت میں آپ کی شمولیت ہے۔ اگر آپ اپنے کام میں اچھے ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ اپنے کام سے محبت کرتے ہیں تو کوئی بھی آپ کو اپنے مقاصد کو حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا ، دوسری طرف اگر آپ اپنے کام پر توجہ نہیں دے رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر وقت ضائع کر رہے ہیں اور

کچھ نیا نہیں سیکھ رہے ہیں تو پھر خدا بہتر جانتا ہے۔

لیکن میں فرض کر رہا ہوں کہ آپ اپنے پیشے سے محبت کرتے ہیں اور شاید میری یہ چھوٹی سی کوشش آپ کو "ایسی جگہ ڈھونڈنے میں مدد دے گی جہاں آپ چمک سکیں"۔

Post a Comment

0 Comments

Post Bottom Ad