Top Ad

Header Ad

تجربے کے بغیر ملازمت کیسے حاصل کریں

How to get job without Experience


تجربے کے بغیر ملازمت کیسے حاصل کریں

تھوڑے دن پہلے کی بات ہے کہ میں نے بہت سارے لڑکوں کو سوشل میڈیا پر اثر و رسوخ رکھنے والی ایک شخصیت کے پاس کھڑے دیکھا اور وہ سب اس سے یہ درخواست کر رہے تھے کہ آپ ہمارے لئے ایک ویڈیو بنا دیں کہ ہم نے بہت ساری جگہ پر نوکری کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں لیکن سب جگہ ہم سے تجربہ مانگا جاتا ہے جب تک ہم نوکری نہیں کریں گے تجربہ کیسے آئے گا۔

تو سوچا کہ اس پر بھی کچھ لکھنا چاہیے۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ نوکری کے لئے تجربہ چاہیے اور تجربہ حاصل کرنے کے لیے پہلے ہمیں نوکری چاہیے۔

اگر آپ نے ابھی ابھی تعلیم مکمل کی ہے اور آپ کے پاس کسی کام کا کوئی تجربہ نہیں ہے تو سب سے پہلا کام جو آپ کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ اپنے موبائل فون کو استعمال کریں اپنے شعبے کے متعلق کمپنیوں کو تلاش کریں اور یو ٹیوب پر متعلقہ کام کی ویڈیوز دیکھیں۔ آپ کچھ نہ کچھ سیکھ جائیں گے۔

آپ رابطہ کرنے کی صلاحیت (Communication Skills)  پر کام کریں اور دیکھیں کہ دوسرے لوگوں سے اچھے طریقے سے بات کیسے کر سکتے ہیں۔

جب تک آپ کسی دوسرے کو اپنے بارے میں مطمئن نہ کر سکیں تو آپ نوکری کیسے لیں گے۔

جب بھی آپ نوکری کی تلاش میں نکلیں تو یہ بات یاد رکھیں کہ جو بندہ  آپ کو نوکری دے گا وہ اپنے فائدے کا سوچے گا نہ کہ آپ کے فائدے کا۔ آپ نے اگلے بندے کو اس بات پر قائل کرنا ہے کہ اگر وہ آپ کو نوکری دے دیتے ہیں تو اس سے ان کا کیا فائدہ ہوگا اور آپ کے اندر کون سی وہ صلاحیتیں ہیں جو ان کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ مثلا

1 - کسی مشکل کا حل نکالنے کی صلاحیت (Problem Solving)

2 - کسی بھی چیز کی اچھی طرح سے جانچ پڑتال کرنا۔ (Attention to Details)

3 - وقت کو اچھے طریقے سے استعمال کرنا۔ (Time Management)

4 - کوئی تخلیقی صلاحیت کا ہونا۔ (Creativity)

5 - کام کے دوران لچک کا مظاہرہ کرنا۔ (Flexibility)

  -6دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت۔ (Team Work)

7 - دوسرے لوگوں سے کام لینے کی صلاحیت۔ (Leadership)

8 - دوسرے لوگوں سے روابط بنانا۔ (Networking)

9 - کسی بھی کام کو ہوتے ہوئے دیکھنا اور جلدی سیکھ جانا۔ (Quick Learner)

 ویسے آپ تب سیکھیں گے جب آپ اس کی طرف اچھی طرح سے دھیان دیں گے۔

10 - آپ کے اندر کام کرنے کا جذبہ ہونا۔ (Motivation)

سب سے اہم چیز یہ ہے کہ  آپ وقت ضائع کریں نہ کریں اگر آپ منزل پر جلدی پہنچنا چاہتے ہیں تو آپ پہلی دستیاب گاڑی میں سوار ہو جائیں یہ مت دیکھیں کہ گاڑی کیسی ہے۔ اور اگر آپ کسی آئیڈیل گاڑی کے تلاش میں ہیں تو ہو سکتا ہے ایک عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی آپ سٹیشن کی خاک چھان رہے ہوں۔

اب یہاں پر دو صورتحال ہیں ایک یہ کہ ہمیں پیسوں کے بدلے کام چاہیے۔ اور دوسرا کام دینے والے کو پیسوں کے بدلے کام چاہیے۔

کہتے ہیں کہ پیاسا کنویں کے پاس جاتا ہے کنواں چل کے پیاسے کے پاس نہیں آتا تو کچھ ایسی ہی صورتحال یہاں پر بھی ہے۔

تو جس کی ضرورت ہے ظاہری بات ہے پہلا قدم بھی وہی اٹھائے گا۔ اگر آپ نے مخصوص شعبے میں تعلیم حاصل کی ہے تو آپ اپنے آس پاس دیکھیں کہ اس شعبے میں کون سے لوگ یا کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔

ان کے پاس چلے جائیں ان کو اپنے تعلیمی بیک گراؤنڈ کے متعلق بتائیں اور کام کرنے کی خواہش کا اظہار کریں اگر وہ آپ کو کچھ سیلری دینے پر آمادہ ہوں تو اچھا اگر نہ آمادہ ہو یا یہ بولیں کہ ہمارے پاس کام نہیں ہے۔ تو آپ اپنی خدمات مفت میں پیش کر دیں امید ہے مفت خدمات کا کوئی بھی انکار نہیں کرے گا۔ اگر پھر بھی انکار ہو جاتا ہے تو دوسری تیسری چوتھی جگہ تلاش کرلیں لیکن میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ آپ کو تیسری چوتھی جگہ نہیں جانا پڑے گا۔

جہاں بھی موقع ملے کوئی آپ کو سیلری دے یا نہ دے بس آپ اپنی پوری ایمانداری کے ساتھ کام شروع کر دیں اور پہلے سے موجود لوگوں سے بھی کام سیکھنا شروع کریں۔ ہوسکتا ہے شروع میں آپ کو کچھ مشکلات پیش آئیں لیکن آپ اپنے اچھے رویے ایمانداری اور محنت سے کسی کا بھی رویہ بدل سکتے ہیں۔

آپ کی تعلیم کچھ بھی ہو آپ کتنا ہی پڑھے لکھے ہوں لیکن اپنے ہاتھ سے کام کرنے میں عار محسوس نہ کریں اور اپنے ہاتھ گندے کرنے کا حوصلہ پیدا کریں۔

میں نے متحدہ عرب امارات میں ایک سول انجینئر کو سائٹ میں کنکریٹ پر سوتے دیکھا ہے۔ یقین کریں وہ لیبر مستری آفس بوائے سے بھی اچھے طریقے سے پیش آتا تھا اور کوشش کرتا تھا کہ وہ کسی نہ کسی سے کچھ سیکھ لے۔

تقریبا ایک سال تک تین ہزار درہم کی نوکری کرنے کے بعد اس نے وہ کمپنی چھوڑ دی اور دوسری کمپنی میں دس ہزار درہم کی تنخواہ پر چلا گیا۔

پاکستان میں ایک لڑکا گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی رسول سے ڈپلومہ کرنے کے بعد اسلام آباد ایک کمپنی میں چلا گیا اور ان سے بات کی لیکن انہوں نے اس شرط پر رکھا کہ ہم آپ کو کوئی تنخواہ نہیں دیں گے لیکن وہ مان گیا۔

تقریبا پچیس دن کے بعد عید آ رہی تھی جب وہ گھر چھٹی آنے لگا تو اس کے انجینئر نے اس کو پچیس دنوں کی تنخواہ دے دی اور اس کی وجہ تھی اس کا اچھا کام اور محنت۔

میرے پاس دینے کے لئے اور بھی بہت ساری مثالیں ہیں لیکن مقصد یہ ہے کہ جب آپ پہلا قدم اٹھا لیتے ہیں اپنے گھر سے نکلتے ہیں تو اللہ تعالی آپ کے لئے وسائل پیدا کر دیتا ہے۔

لیکن اگر آپ گھر سے ہی نکلیں گے بس آن لائن درخواست دیتے رہیے انتظار کرتے رہیے اس سسٹم کو کوستے رہئے اور اپنی قسمت کا رونا روتے رہیے اور جب کوئی پوچھے کہ آپ کچھ کرتے کیوں نہیں ہیں تو آپ کہہ دیتے ہیں کہ میں نے بہت ساری جگہ پر درخواستیں دی ہیں۔ یہاں پر کام ہی نہیں ہے سفارش کے بغیر کچھ ملتا ہی نہیں ہے یہ ملک ہی اسی طرح کا ہے۔ 

Post a Comment

0 Comments

Post Bottom Ad