Top Ad

Header Ad

TIPS TO GROW IN CAREER - URDU

 

Tips to Grow in Career - Urdu

 TIPS TO GROW IN CAREER - URDU

نوکری کے لیے ایک اچھی سی وی کیسے تیار کی جائے

تجربے کے بغیر ملازمت کیسے حاصل کریں

نوکری کیلئے انٹرویو کی تیاری کیسے کی جائے

آپ نے پڑھائی مکمل کرلی اور ایک اچھی جگہ جاب بھی آپ کو مل گئی۔ تو آپ کیا سمجھتے ہیں کہ آپ کو  اپنی منزل مل گئی، نہیں زندگی میں بہتری لانے کے لئے ہر ایک اسٹیج میں ہمیں محنت کرنا پڑتی ہے۔ پروفیشنل(Professional Environment)  حالات میں خود کو بہترین ثابت کرنا  اور اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں خود کو  ایک اچھی منزل کی طرف لے کر جانا اور اپنی قابلیت کو دوسروں سے بہتر ثابت کرنا پیشہ وارانہ حالات میں ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ اسی لیے بہت سارے لوگوں کو یہ شکایت ہوتی ہے کہ بہت زیادہ محنت، مہارت اور  صلاحیت ہونے کے باوجود ان کو تسلیم (Acknowledge)نہیں کیا جاتا اور وہ اپنی پہچان بنانے میں ناکام رہتے ہیں۔ یا شاید ان لوگوں کو یہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ وہ کتنا اچھا کام کرتے ہیں ۔

یہاں پر کچھ ایسی ٹپس (Tips) ہیں جن کا استعمال کرکے آپ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں بہتری لا سکتے ہیں اور خود کو بہتر طریقے سے منوا سکتے ہیں۔

لیکن ایک بات ذہن میں رہے کہ ان ٹپس کا اطلاق ان کمپنیوں پر ہوتا ہے جو ملٹی نیشنل(Multinational)  ہیں یا جو ایک باقاعدہ پیشہ ورانہ طریقے سے کام کرتی ہیں اور باقاعدہ اصول اور قانون کے مطابق کام کرتی ہیں اگر آپ کسی چھوٹی جگہ میں کام کرتے ہیں جہاں پر پیشہ ورانہ چیزوں کا  خیال نہیں رکھا جاتا تو وہاں پر شاید یہ اس طرح لاگو نہیں ہوں گی۔

مسئلے کا حل لے کر جائے نہ کہ صرف مسئلہ

پیشہ ورانہ زندگی میں وقتا فوقتاً آپ کو کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا اور ظاہری بات ہے آپ یہ مسئلہ اپنے کسی سینئر یا اپنی ٹیم کو رپورٹ کریں گے تو جب بھی آپ اپنے سے سینئر (Senior)کے پاس کوئی مسئلہ لے کے جائیں تو اس کے ساتھ ممکنہ طور پر ایک یا دو حل بھی سوچ کر جائیں بھلے ہی یہ حل پرفیکٹ(Perfect)   نہ ہوں لیکن پھر بھی آپ اپنی طرف سے کچھ نہ کچھ تجویز ضرور کریں۔

جب آپ کسی مسئلے کے ساتھ اس کا حل بھی تجویز کرتے ہیں تو آپ کے سینئر کو یا آپ کی ٹیم کو آپ یہ بتا رہے ہوتے ہیں کہ آپ اپنے کام کے ساتھ کتنے مخلص ہیں اور اس کو کرنے کی آپ میں کتنی تمنا ہے۔ اور آپ کے اندر کسی مسئلے کو حل کرنے کی کتنی خواہش ہے۔ اور یہ نہیں کہ آپ کا کام بس مسئلے کو رپورٹ کرنا ہے اور آپ سوچتے ہیں کہ اس کا حل کرنا آپ کے نگران یا آپ کی ٹیم کا کام ہے۔

آپ خود اندازہ لگائیں کہ اگر آپ کسی جگہ مینیجر (Manager)  ہوں اور لوگ آپ کے پاس صرف مسئلہ لے کر آئیں اور کوئی حل تجویز نہ کریں تو آپ یہ سوچیں گے کہ لوگ صرف آپ کے پاس مسئلہ لے کر آتے ہیں اور وہ یہ سوچتے ہیں کہ اس کا حل آپ تلاش کریں گے۔ اس سے آپ کا تاثر اچھا نہیں پڑے گا چاہے وہ پیشہ ورانہ زندگی ہو یا آپ کی ذاتی زندگی۔ جب بھی آپ کسی مسئلے کے ساتھ اس کا حل لے کر جاتے ہیں تو یہ اس بات کی عکاسی ہے کہ آپ مسائل کو حل کرنے میں کتنی دلچسپی رکھتے ہیں قطع نظر اس کے کہ آپ کا تجویز کردہ حل کتنا مکمل ہے۔

 اپنی تعریفوں کی ایک فہرست مرتب کریں(List of Compliments)

آپ کے کیریئر میں جب بھی آپ کوئی اچھا کام کرتے ہیں تو بدلے میں آپ کی تعریف ہوتی ہے۔ کوشش کریں کہ آپ ان تعریفوں کی اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر میں وقت اور تاریخ کے ساتھ ایک فہرست بنا کر رکھیں۔

جب بھی آپ کی تعریف ہو خواہ تھوڑی ہو یا زیادہ اس کا ریکارڈ لازم رکھیں۔ تاکہ آپ کے پاس شروع دن سے ایک ایسی فہرست ہو جس میں آپ کے کیے گئے اچھے کاموں پر آپ کی تعریف ہوئی ہو۔

تاکہ جب آپ کی ایویلیوایشن   (Evaluation) کا  وقت آئے یا کبھی آپ کو اپنی ٹیم کے اندر ڈسکشن (Discussion)کے دوران یہ بتانا پڑے گا کہ آپ کے کن کاموں پر آپ کی تعریف ہوئی تھی۔ یہ آپ کی سی وی(CV / Resume) کے لئے ایک بہت ہی اچھی چیز ہے خاص طور پر اس وقت جب آپ اپنے سینئر سے کسی ایسے معاملے پر بات کریں گے۔

یہ اس لیے کہ آپ کے سینئر یا مینیجر بھی انسان ہیں اور وہ یہ چیزیں بھول بھی سکتے ہیں جب آپ کے پاس وہ فہرست ہوتی ہے تو آپ اپنی یادداشت کو بھی تازہ رکھتے ہیں اور جہاں پر ضرورت ہو آپ اپنے سینئرز کو بھی یاد دہانی کروا سکتے ہیں کہ کن کاموں پر آپ کی تعریف ہوئی تھی۔ یہ ضروری نہیں ہے کہ آپ اپنے اس کمپلیمنٹ(Compliment)  کو اس طرح کریں جیسے کہ آپ اپنی تعریف کررہے ہیں۔

لیکن جب آپ کسی پروجیکٹ کی ایک مکمل سٹوری (Story)سناتے ہیں جس کا آپ بھی حصہ رہے ہو اور جس کے کام کے دوران آپ کو یہ کمپلیمنٹ ملے ہوں تو یہ اسٹوری کا  حصہ ہونے چاہئیں۔

یقین کریں بطور مینیجر اس چیز کو برا نہیں سمجھا جاتا  بلکہ یہ بات اچھی سمجھی جاتی ہے کہ ان کی ے یاد داشت  کو ری فریش (Refresh) کرنے کے لیے اور یہ بتانے کے لئے کہ آپ کو نہ صرف اپنی ٹیم سے بلکہ اپنے سینئر سے بھی کمپلیمنٹ ملے ہیں اور اگر ایسا کوئی کمپلیمنٹ آپ کے سینئر کی طرف سے ہے تو یہ آپ کے کیریئر کو چار چاند لگا سکتا ہے۔

 اگر آپ موقع پر نہیں ہیں تو آپ ذہن میں بھی نہیں ہیں

  اس محاورے کا اطلاق ہر جگہ ہو سکتا ہے آپ خود سوچئے آپ چاہے جتنا بھی اچھا کام کر لیں اور جتنی بھی مشکلات کا حل نکال لیں اگر آپ لوگوں کے سامنے نہیں آتے یعنی یا تو آپ ان سے رابطہ نہیں کرتے یا آپ ان کو اپنا چہرہ نہیں دکھاتے،  کونے میں بیٹھے ہوتے ہیں یا آپ کو کوئی دیکھتا ہی نہیں ہے۔  تو یہ آپ کے لئے کیسے اچھی بات ثابت ہو سکتی ہے ۔ بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو اپنی سکلز میں انتہائی ہنر مند ہوتے ہیں ان کے پاس بہترین سکلز ہوتی ہیں۔  لیکن مسئلہ یہ ہے کہ وہ بولنے سے گھبراتے ہیں یا  لوگوں کے سامنے آنے سے گھبراتے ہیں یہ آپ کے لئے ایک نیگیٹو(Negative)  بات ثابت ہو سکتی ہے۔  جب بھی آپ لوگوں کے سامنے آتے ہیں ان کو اپنا چہرہ دکھاتے ہیں تو اپنے بارے میں آپ دوسروں کی یاداشت کو تازہ کر رہے ہوتے ہیں۔ آپ کا چہرہ آپ کی شناخت ہے ۔آپ جتنا لوگوں کے سامنے آئیں گے بھلے ہی آپ ان سے کوئی لمبی چوڑی گفتگو نہ کریں۔ لیکن صرف لوگوں کے سامنے آ جانا ان سے مسکرا کر بات کر لینا اپنے چہرے کو دوسروں کے سامنے ظاہر کرتے رہنا۔ آپ کے بارے میں ان کو اس بات کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ آپ کیا کرتے ہیں اور کتنا اچھا کام کرتے ہیں ۔انسان چاہے کسی بھی لیول پر ہو چاہے مینیجر ہو یا عام ملازم وہ چیزوں کو سادہ رکھنے کی کوشش کرتا ہے اسی لیے جب آپ لوگوں کو دیکھتے ہیں تو ان کا چہرہ ان کے بارے میں آپ کو ان کی کوئی ایک یا دو چیزیں یاد دلاتا ہے۔ اگر آپ اچھا کام کر رہے ہیں تو جب بھی لوگ آپ کو دیکھتے ہیں تو وہ آپ کے اچھے کام کو اور آپ جن مسائل کا حل نکال سکتے ہیں اس کو دیکھتے ہیں۔ اگر آپ پہلے سے ہی اچھا کام کر رہے ہیں تو جتنا زیادہ آپ اپنی ٹیم میں اور اپنے سینئر کے سامنے نظر آتے رہیں ،چاہے کوئی بھی موقع ہو لوگوں سے بات کرتے ہوئے یا کسی میٹنگ میں بولتے ہوئے تو  اپنے آپ کو اپنی شخصیت کو دوسروں کے سامنے زیادہ رکھیں۔ تاکہ جب بھی آپ اپنے آپ کو دکھائیں تو آپ کے بارے میں جو اچھی چیزیں ہیں وہ انہیں یاد آئیں۔ لیکن اگر آپ اچھا کام نہیں کر رہے ہیں   تو پھر جتنا آپ اپنے آپ کو چھپا سکیں وہی بہتر ہے۔

 وژن اور مشن یاد رکھیں(Vision and Mission)

 ہر بڑی کمپنی کا کوئی نہ کوئی مشن اور وژن ضرور ہوتا ہے  یہ آپ ان کی ویب سائٹ یا کمپنی کے اہم ڈاکومنٹ میں دیکھ سکتے ہیں۔کیونکہ روزانہ کے کام کاج میں مینیجر سے لے کر ایک عام ملازم تک یہ بات بھول جاتے ہیں کہ یہ کمپنی بنی کس لیے تھی۔ کوئی بھی کمپنی ہو جتنا بھی بڑا انوائرمنٹ ہو وہ کسی نہ کسی ایک مقصد کے لیے کام کر رہے ہوتے ہیں۔ جب آپ اپنی کمپنی کا وژن اور مشن یاد رکھ لیں گے تو کہیں بھی کسی بھی صورتحال میں جب آپ پھنس جاتے ہیں یا کوئی مشکل حل کرنے میں آپ کو مختلف آپشن نظر آتے ہیں تو وہ بھی ویژن  یا مشن سٹیٹمنٹ(Statement)  آپ کو یاد دلاتا ہے کہ کونسا حل اس ویژن کے زیادہ قریب ہے۔ اور جب بھی آپ کی کمپنی میں کوئی کنفلکٹ  (Conflict)ہو۔ آپ کی پروفیشنل لائف (Professional Life)  میں کوئی کنفلکٹ ہو ،  تو آپ کو ہمیشہ یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ آپ جو بھی قدم اٹھائیں کسی مسئلے کو حل کرنے کے لئے۔ وہ آپ کو اپنے ویژن کے زیادہ قریب لے جائیں۔ اس بات کو یاد رکھنے میں آپ اپنی لیڈر شپ (Leadership)  سکلز کو بھی مضبوط کر سکتے ہیں۔ جو بھی لیڈر ہوتے ہیں وہ پیشہ ورانہ حالات میں تب ہی اچھے ہوتے ہیں جب وہ اپنی کمپنی کے اصل مقصد کو نہیں بھولتے۔ جو اپنی کمپنی کے اصل مقصد کو بھول جاتے ہیں یا کسی بھی آرگنائزیشن کے مشن سے ہٹ جاتے ہیں وہ پھر دوسری سمت میں جا رہے ہوتے ہیں اور اس سمت میں آپ جتنی بھی محنت کریں وہ بے کار ہے۔کیونکہ وہ آپ کو کمپنی کی منزل سے دور لے کر جا رہی ہے۔ آپ کو ہمیشہ جو بھی کام کرنا ہے وہ کمپنی کی منزل کے ساتھ ہم آہنگ ہونا چاہیے۔

 دوسروں کے متعلق شکایات کرنے میں اپنی توانائی نہ ضائع کریں۔

دنیا کی شاید ہی کوئی ایسی کام کی جگہ ہو جہاں پر ملازمین ایک دوسرے کی پیٹھ پیچھے باتیں نہ کرتے ہوں یا ایک دوسرے سے شکایات نہ کرتے ہوں۔ یہ اپنی مایوسی دور کرنے کے لئے سب سے آسان اور سست طریقہ ہے۔ دوسروں کے بارے میں جب آپ ایسی باتیں کرتے ہیں تو اس میں دوسروں کو یہ کہانیاں سننے میں یا کہنے میں بڑا مزا آتا ہے۔ یہ آپ کے وقت کا ضیائع ہے۔ یہ بات  اور رویہ آپ کو پیشہ ورانہ زندگی میں مضبوط اور ترقی کرنے میں بالکل مدد نہیں کرتا۔ اس کا بلکل مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کی کام کی جگہ میں کوئی مسائل نہیں ہیں۔ آپ کی توجہ اس پر نہیں ہونی چاہیے کہ وہاں پر مسائل کیا ہیں بلکہ آپ کو یہ سوچنا چاہیے کہ ان مسائل کا حل کیا ہے۔ ان مسائل کو حل کس طرح کیا جائے۔ جب بھی آپ کسی دوسرے سے کسی تیسرے ملازم کے متعلق شکایت کر رہے ہوتے ہیں اور وہ مزے سے سن رہے ہوتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ آپ کے ساتھ مخلص ہیں اور ان کو بھی وہی تشویش ہے جو آپ کو ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جب بھی کوئی آپ کے بارے میں ایسی بات کر رہا ہو گا تو اسے بھی وہ اتنے ہی مزے اور توجہ سے سن رہے ہوں گے۔ اگر آپ یہ سوچ لیں کہ آپ کسی کے بارے میں شکایت نہیں کریں گے اور دوسروں کو بھی یہ پتہ چل جائے کہ آپ کسی کے بارے میں کوئی شکایت نہیں کرتے تو اس سے کام کی جگہ میں آپ کا ایک اچھا تاثر قائم ہو جائے گا اور یہ آپ کے لئے ایک اچھی بات ثابت ہوگی۔ اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ اگر آپ کے ساتھ کوئی چیز غلط ہو رہی ہے یا کوئی چیز خلاف قاعدہ ہو رہی ہے تو آپ اس کو رپورٹ نہیں کریں گے۔ لیکن جب بھی آپ رپورٹ کریں تو اس کو صحیح طریقے سے رپورٹ کریں۔ لیکن زیادہ اوقات میں آپ دیکھیں گے کہ جو بھی ملازمین ایک دوسرے کے پیچھے باتیں کر رہے ہوتے ہیں وہ صرف وقت کا ضیائع کر رہے ہوتے ہیں۔ اگر آپ یہی توانائی اور وقت کسی ایسی چیز میں صرف کریں جس سے آپ اپنی سکلز (Skills) کو زیادہ بہتر کر سکتے ہیں یا جو کام آپ کر رہے ہیں اس کو اور بہتر انداز میں کرنے کے طریقے سیکھیں تو یہ آپ کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔  

Post a Comment

1 Comments

Post Bottom Ad